بھگدڑ مچنے سے 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی، مسٹر پتلو سمیت دیگر کیخلاف مقدمہ، 6 گرفتار

 قتل بالسبب، سرکاری احکامات کی خلاف ورزی، توڑ پھوڑ، اشتعال انگیز اور اجتماع کی دفعات شامل کی گئی ہیں:پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب کے شہر سیالکوٹ کی پولیس نے مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے 2 افراد کیجاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے پر ٹک ٹاکر انصر محمود عرف مسٹر پتلو سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر کے 6 افراد کو گرفتار کر لیا۔رپورٹ کے مطابق مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ مسٹر پتلو سمیت دیگر ملزمان مفرور ہیں، جن کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔ایف آئی آر میں مسٹر پتلو سمیت نو نامزد ملزمان جبکہ 45 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس میں قتل بالسبب، سرکاری احکامات کی خلاف ورزی، توڑ پھوڑ، اشتعال انگیز اور غیر قانونی اجتماع کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔واقعے میں زخمی ھونے والا ایک اور شخص اتوار کو جان کی بازی ہار گیا۔ سیالکوٹ پولیس کے مطابق زخمی ریحان کو تشویشناک حالت پر لاھور ریفر کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ھوئے آج ہلاک ہو گیا۔مسٹر پتلو کی شادی کی تقریبات گذشتہ چند روز سے جاری تھیں اور وہ اپنی شادی کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شیئر کر رہے تھے۔پولیس کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق سنیچر کی شام ڈسکہ روڈ پر واقع فراز کرکٹ گراؤنڈ میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب جاری تھی اور اْنھوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے موٹر سائیکلوں اور کار سمیت دیگر انعامات کا لالچ دے کر لوگوں کو مدعو کر رکھا تھا، جس پر کثیر تعداد میں لوگ وہاں جمع ہو گئے۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ اس دوران مسٹر پتلو نے سٹیج پر آ کر اعلان کیا کہ تمام لوگ فوری طور پر گراؤنڈ میں آ جائیں، جس پر لوگوں نے یکدم اندر جانے کی کوشش کی جس سے بھگدڑ مچ گئی اور عقیل نامی شخص موقع پر جان کی بازی ہار گیا۔پولیس کے مطابق واقعے کے بعد فوری بعد ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹیڈیم کے باہر بڑی تعداد میں لوگ موجود ہیں اور وہ اچانک گراؤنڈ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں جس پر وہاں موجود سکیورٹی گارڈز اْن کا راستہ روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس دوران سکیورٹی پر مامور افراد لوگوں پر لاٹھی چارج بھی کرتے ہیں اور انھیں واپس باہر دھکیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔پولیس کے مطابق شادی کی تقریب میں عام لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے مسٹر پتلو کی ٹیم کی طرف سے سوشل میڈیا پر یہ مشتہر کیا گیا کہ مہندی کی تقریب میں عام لوگوں میں دو کروڑ روپے تقسیم کیے جائیں گے، اس کے علاوہ ایک کار، 50 موٹرسائیکلیں، موبائل فونز اور کئی دیگر بیش قیمت تحائف کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔