اولڈ شیڈ میں ملازم سعید رات کو کام کر رہا تھا مناسب لائٹ کا بندوبست تھا نہ حفاظتی اقدامات ،بارہا شکایات کرچکے:ملازمین
لاہور (کرائم رپورٹر )حفاظتی اقدامات کی عدم دستیابی ،لاہور میں ریلوے شیڈ کا ملازم دوران ڈیوٹی جاں بحق ہو گیا۔ سعید ملازم این ایل سی کے انجنوں پر کام کر رہا تھا کہ گزشتہ رات 2 بجے شینٹگ کے دوران انجنوں کے درمیان دب کر دم توڑ گیا۔ انجن شیڈ ملازمین کا کہنا ہے کہ نائٹ شفٹ میں کوئی مناسب لائٹ کا بندوبست تھا نہ ہی حفاظتی اقدامات ، ریلوے ورکرز رات کے اندھیرے میں موبائل ٹارچ سے کام کرنے پر مجبور ہیں،انتظامیہ کو بارہا شکایات کے باوجود حفاظتی اقدامات نہیں کئے گئے، مرحوم گھر کا واحد کفیل تھا۔ڈویڑنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور ڈویڑن انعام اللہ نے کہا ہے جاں بحق ہونیوالا سعید ریلوے کا حاضر سروس ملازم نہیں تھا بلکہ ریٹائرمنٹ کے بعد این ایل سی میں خدمات انجام دے رہا تھا ، ریلوے انتظامیہ اس کی ناگہانی موت پر افسردہ ہے،لواحقین کو ہر ممکن مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی ،واقعے کی شفاف انکوائری کی جائے گی اور کسی ملازم کی غفلت ثابت ہونے پر اسے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔