پی ایس ایل فائنل: لاہور میں ٹریفک کے خصوصی انتظامات

500 سے زائد وارڈنز تعینات، خصوصی پارکنگ اور متبادل روٹس جاری 
لاہور (کرائم رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے موقع پر لاہور ٹریفک پولیس نے شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور باقاعدہ پارکنگ پلان بھی جاری  کیا گیاہے۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ڈویژنل ایس پیز کی نگرانی میں 8 ڈی ایس پیز، 90 ٹریفک انسپکٹرز اور 500 سے زائد وارڈنز ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جبکہ رانگ پارکنگ کے خاتمے کے لیے 11 فوک لفٹرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔شائقین کرکٹ کی سہولت کے لیے شہر میں متعدد پارکنگ اسٹینڈز قائم کیے گئے ہیں، جن میں گورنمنٹ کالج فار بوائز گلبرگ، سی بی ڈی پارکنگ، سن فورٹ ہوٹل اور لبرٹی پارکنگ شامل ہیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق مختلف علاقوں سے آنے والے شہریوں کے لیے علیحدہ روٹس مختص کیے گئے ہیں۔ فیروزپور روڈ سے آنے والے افراد کلمہ چوک کے ذریعے گورنمنٹ کالج گلبرگ پارکنگ تک پہنچیں گے، جبکہ ڈیفنس اور کینٹ سے آنے والے شہری حسین چوک کے راستے لبرٹی پارکنگ استعمال کریں گے۔ اسی طرح مغل پورہ اور گڑھی شاہو سے آنے والے افراد مین بلیوارڈ گلبرگ کے ذریعے لبرٹی پارکنگ تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ کسی بھی سڑک کو مستقل طور پر بند نہیں کیا جائے گا اور اہم شاہراہیں، بشمول مال روڈ، جیل روڈ اور کینال روڈ، ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی۔ فیروزپور روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ پر بھی ٹریفک معمول کے مطابق جاری رہے گی۔انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ رانگ پارکنگ سے گریز کریں اور صرف مقررہ پارکنگ اسٹینڈز کا استعمال کریں۔ مزید برا ں، شہریوں کو ٹریفک کی تازہ صورتحال سے آگاہ رکھنے کے لیے راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم 88.6 کا استعمال جاری رکھا جائے گا۔