رمضان المبارک : صوبہ بھر میں ٹریفک کے خصوصی انتظامات

لاہور(کرائم رپورٹر)رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے صوبہ بھر میں خصوصی ٹریفک انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے  دوران ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ خصوصاً رمضان بازاروں، سہولت بازاروں اور بڑی مارکیٹوں کے باہر ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو خریداری کے دوران مشکلات کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ افطار اور تراویح کے اوقات میں پارکنگ کے بہتر انتظامات کیے جائیں اور ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی کو یقینی بنایا جائے۔ رش کے اوقات میں اضافی نفری تعینات کی جائے جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں اور تجارتی مراکز کے اطراف تجاوزات اور نو پارکنگ کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے مزید ہدایت کی کہ افطار کے اوقات میں تمام سپروائزری افسران خود سڑکوں پر موجود رہیں اور ٹریفک اہلکاروں کے ہمراہ ڈیوٹی انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس اہلکار سڑکوں پر ہی افطاری کریں گے تاکہ شہری بروقت اپنے گھروں تک پہنچ کر اہلِ خانہ کے ساتھ افطار کر سکیں۔ سینئر افسران بھی اہلکاروں کے ساتھ افطار کر کے ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ان کا کہنا تھا کہ دورانِ ڈیوٹی شہریوں کی سہولت اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانا حقوق العباد کا حصہ ہے۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے افسران اور جوان محنت اور ذمہ داری سے فرائض انجام دیں جبکہ شہریوں کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محفوظ سفر اور آسان منزل ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے اور رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔