آئی ایم ایف نے پاکستان سے علاقائی صورتحال کے باعث ہنگامی اقدامات پر پلان مانگ لیا

وزارت خزانہ، وزارت توانائی اور وزارت تجارت مل کر ہنگامی اقدامات بارے پلان تیار کریں گی‘مذاکرات میں بجٹ پر غور ہوگا
اسلام آباد(آن لائن)عالمی مالیاتی فنڈآئی ایم ایف نے پاکستان سے علاقائی صورتحال کے باعث ہنگامی اقدامات پر پلان مانگ لیاہے ۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف جائزہ مشن اور پاکستانی حکام کے درمیان ورچوئل مذاکرات جاری ہیں۔علاقائی کشیدگی سے معیشت، توانائی، ٹیکس محاصل، برآمدات،  درآمدات اور اصلاحات پر اثرات بارے پلان مانگا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ، وزارت توانائی اور وزارت تجارت مل کر ہنگامی اقدامات بارے پلان تیار کریں گی۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پائیدار معاشی ترقی کیلئے اصلاحات اور ٹیکس وصولی بڑھانے کیلئے اقدامات کا کہا ہے۔ تکنیکی مذاکرات میں رواں مالی سال مختلف شعبوں کی معاشی کارکردگی، گورننس اور سرمایہ کاری بارے غور کیا جائے گا۔پالیسی لیول مذاکرات میں آئندہ مالی سال کے وفاقی اور صوبائی بجٹ پر غور ہو گا۔