فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنما سمیع ابو زہری نے مصر کی جانب سے غزہ کے مستقبل کے لیے پیش کیے گئے نئے منصوبے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سمیع ابو زہری نے اس منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے مستقبل کا فیصلہ صرف فلسطینی عوام کریں گے اور حماس غزہ پر مسلط کیے گئے کسی بھی منصوبے کو تسلیم نہیں کرے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ حماس غزہ میں کسی غیر ملکی انتظامیہ یا افواج کو تسلیم نہیں کرے گی اور نہ ہی وہ کسی ایسے منصوبے کی حمایت کرے گی جو فلسطینی عوام کی مرضی کے خلاف ہو۔
مصر نے حماس کو حکومت سے الگ کر کے غزہ میں ایک عبوری انتظامیہ کے قیام کی تجویز دی ہے، جس کے تحت عرب، مسلم اور مغربی ممالک کی حمایت سے وہاں انتظامی امور چلائے جائیں گے۔ اس منصوبے کی ابھی تک کسی عرب ملک کی جانب سے حمایت یا مخالفت سامنے نہیں آئی ہے، اور اس کی تفصیلات پر مزید بحث جاری ہے۔