جدہ ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی حج پرواز میں تاخیر

جدہ ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی حج پرواز میں تاخیر

 پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی حج پرواز جدہ ایئرپورٹ پر فنی خرابی کے باعث کئی گھنٹوں سے پھنس گئی، جس کے باعث 305 حجاج کرام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پرواز پی کے 860 جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کراچی روانگی کے لیے تیار تھی، تاہم طیارے میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے بعد اسے شام 5 بجے سے روک دیا گیا ہے۔مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں کئی گھنٹوں سے جہاز کے اندر ہی رکھا گیا ہے اور بعض افراد کی طبیعت بھی خراب ہوگئی ہے۔ صورتحال کے باعث مسافروں میں بے چینی اور تشویش پائی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق حجاج کرام گزشتہ تقریباً 7 گھنٹے سے طیارے میں محبوس ہیں اور انہیں باہر نکلنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی، جس پر انہوں نے انتظامیہ کے رویے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔دوسری جانب  پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز   کی طرف سے تاحال پرواز کی روانگی کے نئے وقت یا فنی خرابی کی نوعیت کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔