کراچی(آئی این پی )آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ملیرجیل سے قیدیوں کے فرار کے واقعہ کی اعلی سطح کی تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیدی دیوار توڑ کر نہیں بلکہ جیل کے گیٹ سے فرار ہوئے، فرار قیدی سرینڈر کرتے ہیں تو ان سے نرمی برتی جائے گی، تاہم جس قیدی کو دوبارہ گرفتار کیا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔تفصیل کے مطابق ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار کے واقعے کے بعد آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے منگل کی علی الصبح جیل کا ہنگامی دورہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور جیل حکام سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا قیدیوں کو فرار ہوتے وقت ایف سی اہلکاروں کی جانب سے روکا گیا تھا، قیدی بہت زیادہ تھے تو ایف سی اہلکاروں کو ہوائی فائرنگ کرنا پڑی، اس بھگدڑ کے دوران ایک قیدی ہلاک ہوا، ایف سی اہلکار بھی تصادم میں زخمی ہوئے، ایف سی جوان فوری ری ایکشن نہ دیتے تو بڑی تعداد میں قیدی فرار ہوتے۔