پی سی بی نے کھلاڑیوں کی تنخواہوں اور میچ فیس کے لیے 1.1 ارب روپے مختص کر دیے

پی سی بی نے کھلاڑیوں کی تنخواہوں اور میچ فیس کے لیے 1.1 ارب روپے مختص کر دیے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں قومی کرکٹرز کی تنخواہوں اور میچ فیس میں نمایاں اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس مد میں ایک ارب 10 کروڑ (1100 ملین) روپے مختص کر دیے ہیں۔

نئے مالی سال میں مجموعی طور پر 45 کھلاڑیوں کو پانچ مختلف کیٹیگریز میں سینٹرل کنٹریکٹس دیے جائیں گے۔پی سی بی کی مجوزہ پالیسی کے مطابق کیٹیگری اے بی (ٹیسٹ اور ون ڈے) میں شامل کھلاڑیوں کو ٹیسٹ میچ کی فیس 15 لاکھ روپے، ون ڈے کی 7 لاکھ 50 ہزار جبکہ ٹی ٹوئنٹی کی 5 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔کیٹیگری اے (ٹیسٹ) کے کرکٹرز کو ٹیسٹ میچ کی فیس 15 لاکھ روپے، ون ڈے کی 6 لاکھ 50 ہزار اور ٹی ٹوئنٹی کی 4 لاکھ 50 ہزار روپے ملیں گے۔اسی طرح کیٹیگری بی سی (ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی) کے کھلاڑیوں کے لیے ٹیسٹ میچ فیس 9 لاکھ روپے، ون ڈے 7 لاکھ 50 ہزار اور ٹی ٹوئنٹی 5 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ کیٹیگری سی (ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل) میں شامل کرکٹرز کو ٹیسٹ میچ کی فیس 7 لاکھ روپے اور ون ڈے و ٹی ٹوئنٹی کی فیس 5،5 لاکھ روپے دی جائے گی۔اس وقت 30 زیرِ معاہدہ کھلاڑیوں کو ٹیسٹ میچ کی مد میں 12 لاکھ 57 ہزار 795 روپے، ون ڈے کے لیے 6 لاکھ 44 ہزار 620 روپے اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے 4 لاکھ 18 ہزار 584 روپے معاوضہ دیا جا رہا ہے۔پی سی بی نے مردوں کی ڈومیسٹک سینٹرل کنٹریکٹ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

مجموعی طور پر چار کیٹیگریز میں 175 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹس دیے جائیں گے۔ پہلی کیٹیگری کے 30 کھلاڑی ماہانہ ساڑھے تین لاکھ روپے، دوسری کیٹیگری کے 55 کرکٹرز ڈھائی لاکھ روپے، تیسری کیٹیگری کے 55 کھلاڑی ڈیڑھ لاکھ روپے جبکہ چوتھی کیٹیگری کے 35 نوجوان کرکٹرز ایک لاکھ 40 ہزار روپے ماہانہ وصول کریں گے۔قائداعظم ٹرافی میں شریک کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کر دی گئی ہے، جبکہ ریزرو کھلاڑیوں کو فی میچ 15 ہزار کے بجائے 50 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔پی سی بی نے خواتین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس میں بھی نمایاں اضافہ کیا ہے۔ ابتدائی چار کیٹیگریز کی ماہانہ فیس میں 33.33 فیصد جبکہ آخری کیٹیگری میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد کیٹیگری اے کی ماہانہ فیس ساڑھے چار لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ روپے، کیٹیگری بی کی 3 لاکھ 75 ہزار سے 5 لاکھ روپے، کیٹیگری سی کی 2 لاکھ 25 ہزار سے بڑھا کر 3 لاکھ روپے، کیٹیگری ڈی کی ڈیڑھ لاکھ سے 2 لاکھ روپے جبکہ کیٹیگری ای کی ایک لاکھ سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔

خواتین کی ڈومیسٹک سینٹرل کنٹریکٹ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ گولڈ کیٹیگری کی 20 کھلاڑی ماہانہ 55 ہزار روپے جبکہ سلور کیٹیگری کی 50 کرکٹرز 40 ہزار روپے ماہانہ وصول کریں گی۔پی سی بی نے خواتین کی سینئر اور انڈر 19 کرکٹرز کی میچ فیس میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ سینئر ون ڈے میچ فیس ایک لاکھ سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچ فیس 60 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ انڈر 19 کھلاڑیوں کی ون ڈے میچ فیس 60 ہزار سے بڑھا کر 80 ہزار اور ٹی ٹوئنٹی فیس 30 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔علاوہ ازیں، خواتین کی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے پی سی بی نے دو نئے ٹورنامنٹس، سپر تھری ون ڈے اور سپر تھری ٹی ٹوئنٹی کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا ہے، جن پر بالترتیب 70.57 ملین اور 59.13 ملین روپے خرچ کیے جائیں گے۔