اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک )پرو ہاکی لیگ کے سلسلے میں قومی ہاکی ٹیم کے آسٹریلوی ویزوں کے اجرا کے معاملے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام نے آسٹریلوی ہائی کمیشن سے دوبارہ رابطہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ویزا کیٹگری میں تبدیلی کے بعد پی ایچ ایف کو جلد ویزوں کے اجرا کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ویزا کے اجرا میں تاخیر کے باعث قومی ٹیم گزشتہ شب آسٹریلیا روانہ نہ ہو سکی جس کے نتیجے میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان چھ فروری کو شیڈول پریکٹس میچ بھی ری شیڈول کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پریکٹس میچ اب آٹھ فروری کو کھیلا جائے گا۔پرو ہاکی لیگ کا دوسرا رانڈ پاکستان ٹیم نے 10 سے 14 فروری تک ہوبارٹ میں کھیلنا ہے۔ شیڈول کے مطابق 10 فروری کو پاکستان اور آسٹریلیا آمنے سامنے ہوں گے، 11 فروری کو پاکستان کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا، جبکہ 13 فروری کو ایک بار پھر آسٹریلیا اور 14 فروری کو جرمنی کے خلاف میچ کھیلا جائے گا۔