آؤٹ سورس سکولوں کے اثرات جانچنے کیلئے ریسرچ کافیصلہ

لاہور(خصوصی رپورٹ)سرکاری سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے اثرات جانچنے کیلئے محکمہ سکول ایجوکیشن نے باقاعدہ ریسرچ کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق 
محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق یہ ریسرچ نجی شعبے کے تعاون سے کرائی جائے گی، جس میں آؤٹ سورس کیے گئے سکولوں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔محکمہ سکول ایجوکیشن اب تک صوبے بھر میں دس ہزار سے زائد سرکاری سکولوں کو آؤٹ سورس کر چکا ہے، جبکہ مجموعی طور پر تیرہ ہزار سکول آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ آؤٹ سورسنگ کا مقصد سکولوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری اور تعلیمی معیار کو بلند کرنا ہے۔ ریسرچ کے دوران یہ بھی جانچا جائے گا کہ آؤٹ سورس کرنے کے بعد معیارتعلیم، طلبہ کی حاضری اور تعلیمی نتائج میں کیا فرق آیا۔ریسرچ رپورٹ کی روشنی میں آئندہ پالیسی سازی اور مزید سکولوں کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔