روس کے دارالحکومت ماسکو ریجن میں ہونے والے ڈرون حملے میں 5 افراد ہلاک جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔
ماسکو ریجن کے گورنر آندرے وروبیوف نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ روسی فضائی دفاعی نظام نے ماسکو ریجن پر ہونے والے ڈرون حملے کو ناکام بنانے کی کوشش کی، تاہم بعض مقامات پر نقصان پہنچا۔گورنر کے مطابق ضلع چیخوف میونسپل میں سب سے زیادہ نقصان ہوا، جہاں نووسیولکی صنعتی زون میں ڈرون حملوں کے باعث متعدد مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔انہوں نے بتایا کہ ہنگامی امدادی ٹیموں نے ایک بڑے گودام میں لگی آگ پر قابو پا لیا، جبکہ ایک بجلی کے سب اسٹیشن اور انتظامی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔آندرے وروبیوف کے مطابق سولنیشکووو گاؤں میں گرنے والے ڈرون کے ملبے سے ایک نجی رہائش گاہ اور گاڑی متاثر ہوئی، تاہم وہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔انہوں نے مزید بتایا کہ روسی فوج نے وولوکولامسک، کلین، چیخوف اور سریبریانو پرودسکی اضلاع میں ڈرونز کو نشانہ بنایا۔ حکام کے مطابق واقعے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں اور تحقیقات جاری ہیں۔