نجم عرف نجمی ہلاک ہونے والا ڈاکو بھینسوں کی ڈکیتی، قتل اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں بھی ملوث تھا
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس راجن پورنے کچہ کریمنلز کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے سنگین مقدمات میں مطلوب لنڈ گینگ کے سرغنہ ڈاکو نجم عرف نجمی لنڈ ہلاک کر دیا جبکہ 1 ڈاکو زخمی ہو نے کی اطلاعات ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ راجن پور پولیس کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں اور پولیس کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ ہواجس کے نتیجے میں درجنوں سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب ڈاکو نجم عرف نجمی لنڈ ہلاک ہو گیا۔ہلاک ہونے والا ڈاکو بھینسوں کی ڈکیتی، قتل اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں بھی ملوث تھا۔ہلاک ڈاکو نجم لنڈ کی لاش پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر مزید قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا۔ راجن پور پولیس نے ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو نذر آتش کر دیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کچہ کریمنلز کے خلاف بڑی کامیابی پر راجن پور پولیس کو شاباش دی ہے۔ ڈی پی او راجن پور فاروق امجد نے کہا کہ پولیس آپریشن میں کامیابی جدید ٹیکنالوجی اور منظم حکمت عملی کے تحت ملی۔آپریشن میں ضلع پولیس اور ایلیٹ کی بھاری نفری شامل تھی۔