پاکستان کیساتھ مضبوط دفاعی تعلقات چاہتے ہیں:ایرانی وزیردفاع

 خواجہ آصف سے ایرانی ہم منصب بریگیڈیر جنرل عزیز ناصر زادہ  کی ملا قات ، اہم معاملات پر تبادلہ خیال 
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیردفاع خواجہ آصف سے ایرانی ہم منصب بریگیڈیر جنرل عزیز ناصر زادہ نے ملاقات کی ۔ملا قات میں  باہمی دلچسپی کے امور سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس حوالے سے وزارت دفاع کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان علاقائی امن اور دفاعی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،علاقائی سلامتی اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر بات چیت ہوئی، پاک ایران کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کے طریقوں، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے اورخطے میں امن واستحکام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دفاعی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ایرانی وزیر دفاع نے پرتپاک استقبال پرحکومت پاکستان سے اظہارتشکرکیا۔ ایرانی وزیر دفاع نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ مضبوط دفاعی تعلقات استوارکرنے کا خواہشمند  ہے۔وزارت دفاع کے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنمائوں نے خطے کی خوشحالی اور سلامتی کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کا عہد کیا۔