فیلڈ مارشل سے انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع کی ملاقات، دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) فیلڈ مارشل عاصم منیر سے انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع نے ملاقات کی جس میں دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جمہوریہ انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجا فری سجامسودین نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان و انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان، مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور اسٹریٹجک مفادات کی ہم آہنگی کی بنیاد پر انڈونیشیا کے ساتھ مضبوط اور دیرپا دفاعی تعلقات کے فروغ کے لیے پْرعزم ہے۔قبل ازیں انڈونیشیا کے ایک اعلیٰ سطح دفاعی وفد نے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر)جافری شمس الدین کی سربراہی میں راولپنڈی میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج اور وزارت دفاعی پیداوار کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔