خیبر پختونخوا کی بہادر پولیس نے قربانیوں کی ایک تاریخ رقم کی ہے:علی امین گنڈا پور

پشاور(آئی این پی )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے  خیبر پختونخوا کی بہادر پولیس نے امن عامہ کے قیام ، عوام کے جان و مال اور قومی املاک کے تحفظ کیلئے فرض شناسی کے انمٹ نقوش ثبت کئے ہیں اور پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران قربانیوں کی ایک تاریخ رقم کی ہے۔ یہ بات ہم سب کیلئے اطمینان کا باعث ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس اپنے نڈر اور فرض شناس افسر صفوت غیور شہید کے یوم شہادت (4 اگست) کو ہر سال "یوم شہدائے پولیس " کے طور پر مناتی ہے اور قوم کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ یہ زندہ قوموں کی علامت ہے کہ وہ اپنے ہیروز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ یوم شہدائے پولیس کے موقع پر یہاں سے جاری اپنے ایک خصوصی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس نے گذشتہ کئی دہائیوں سے انتہائی نامساعد حالات میں جس ہمت ،دلیری اور شجاعت کا مظاہرہ کیا ہے اس پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے