ذوالفقار علی بھٹو کی 47 ویں برسی آج منائی جائیگی

پاکستانی سیاسی تاریخ میں ذوالفقار بھٹو مرکزی مقام رکھتے ہیں:آصف زرداری
قائد عوام کی قربانی جمہوریت اور عوام کے وقار کی لازوال آواز بن گئی:بلاول 
لاہور، اسلام آباد (کرائم رپورٹر ،بیورو رپورٹ)سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 47 ویں برسی آج 4 اپریل کو منائی جائے گی ، ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے حوالے سے تمام بڑے بڑے شہروں میں تقاریب ہو ں گی ، پیپلز پارٹی لاہور کے زیرِ اہتمام آج سیمینار منعقد کیا جا ئے گا۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر پیغام میں کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کی سیاسی تاریخ میں مرکزی مقام رکھتے ہیں۔ 1971 کے بعد کے مشکل دور میں ان کی قیادت نے قومی اعتماد کو بحال کرنے اور ملک کو ایک نئے آئینی راستے پر ڈالنے میں مدد دی۔ 1973 کے آئین کی منظوری، جو آج بھی ہمارے پارلیمانی نظام کی رہنمائی کر رہا ہے، اس دور کی سب سے پائیدار کامیابیوں میں سے ایک ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو انکے یوم شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک ایسے مدبر رہنما تھے جن کی قربانی جمہوریت اور عوام کے وقار کی لازوال آواز بن گئی۔ پی پی پی چیئرمین نے اپنے پٓغام میں کہا کہ ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک ایسے پاکستان کے خواب کے معمار تھے، جہاں اقتدار عوام کا ہو اور محروم طبقات کے دلوں سے ہر دن امید کا سورج طلوع ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائدِ عوام کی شہادت کسی آواز کا خاموش ہونا نہیں بلکہ ایک قوم کے ضمیر کی بیداری تھی۔انہوں نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھ کر قومی خودمختاری کو ناقابلِ تسخیر بنایا اور عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف و پوزیشن کو مضبوط کیا۔