عیدتعطیلات ختم: سرکاری دفاترو کاروباری مراکز کھل گئے،حاضری معمول سے کم رہی

پردیسیوں کی آبائی علاقوں سے واپسی کا سلسلہ بھی جاری رہا،بس اڈوں،ریلوے سٹیشن پر مسافروں کا رش
    لاہور(یواین پی) عیدالفطر کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد سرکاری دفاتر اور کاروباری مراکز دوبارہ کھل گئے۔ حکومت کی جانب سے 31مارچ سے 2اپریل تک عید کی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔سرکاری ملازمین ہفتہ اور اتوار کے ساتھ 5چھٹیوں سے لطف اندوز ہو ئے اور گزشتہ روز 3اپریل سے سرکاری دفاتر معمول کے مطابق کھلے۔تاہم دفاتر میں عملے کی حاضری معمول سے کم رہی جبکہ کاروباری مراکز میں معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں۔دوسری جانب عیدالفطر اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کے بعد پردیسیوں کی آبائی علاقوں سے واپسی کا سلسلہ بھی گزشتہ روز جاری رہا جس کے باعث بس اڈوں اور ریلوے سٹیشن پر مسافروں کا رش بڑھ گیا۔پنجاب میں تمام یونی ورسٹیز اور کالجز بھی عید کے بعد دوبارہ کھل گئے تاہم سکولوں میں تعطیلات ابھی جاری ہیں، سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز 7 اپریل سے ہوگا۔