بھارتی فضائیہ کے سابق پائلٹ گروپ کیپٹن ابھینندن ورتھمان، جو 2019 میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان میں گرفتار ہوئے تھے، اب کمرشل ہوا بازی کے شعبے میں نئی اننگز کا آغاز کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ابھینندن نے بھارتی علاقائی ایئرلائن فلائی 91 کو بطور کمرشل پائلٹ جوائن کرلیا ہے اور اس وقت ضروری تربیت کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ تربیتی پروگرام کے تحت ابھینندن گوا اور حیدرآباد کے درمیان پروازوں سے متعلق لازمی ٹریننگ مکمل کر رہے ہیں۔ایئرلائن سے منسوب اطلاعات کے مطابق ضروری تربیت اور ریگولیٹری منظوری مکمل ہونے کے بعد ابھینندن فلائی 91 کے اے ٹی آر طیاروں کی کمرشل پروازیں آپریٹ کر سکیں گے۔واضح رہے کہ ابھینندن ورتھمان 2019 میں پاک بھارت فضائی جھڑپ کے دوران عالمی توجہ کا مرکز بنے تھے۔ ان کا جنگی طیارہ پاکستان کی فضائی حدود میں پاک فضائیہ نے مار گرایا تھا، جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔بعد ازاں پاکستان نے خیرسگالی کے جذبے کے تحت ابھینندن ورتھمان کو بھارت کے حوالے کردیا تھا۔