الیکشن کمیشن نے مرتضیٰ وہاب کی اپیل بحال کر دی

الیکشن کمیشن نے مرتضیٰ وہاب کی اپیل بحال کر دی

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن نے ڈی ایم او (ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر) کے فیصلے کے خلاف میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی اپیل بحال کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں تین رکنی بینچ نے ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت مرتضیٰ وہاب کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈی ایم او نے انہیں سنے بغیر فیصلہ سنایا اور کوئی نوٹس بھی جاری نہیں کیا گیا۔ الزام یہ لگایا گیا کہ الیکشن مہم کے دوران مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کی تھی، جس پر ان کی اپیل بھی مسترد کر دی گئی تھی۔ وکیل نے استدعا کی کہ ان کی اپیل بحال کی جائے۔

الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ مرتضیٰ وہاب کی اپیل مقررہ وقت کے بعد دائر ہونے کی وجہ سے خارج کی گئی تھی۔ اس موقع پر ممبر پنجاب نے ریمارکس دیے کہ کمیشن نے متعدد بار انہیں طلب کیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔ وکیل نے وضاحت دی کہ کراچی میں حالیہ بارشوں کے باعث وہ حاضر نہیں ہو سکے تھے۔ اس پر ممبر پنجاب نے کہا کہ بارش تو اب ہوئی ہے، کمیشن آپ کو ایک سال سے طلب کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید ریمارکس دیے کہ اگر اپیل بحال کر دی گئی تو دوبارہ چھ ماہ تک غیر حاضر نہ رہیں۔