پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم اور صدارتی نظام کے حوالے سے مختلف بیانات کو پارٹی پالیسی نہ سمجھا جائے۔
راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ انہوں نے لاہور میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کو بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا ہے، اور پارٹی رہنماؤں کو ہدایت دی گئی ہے کہ سیلاب زدگان کی اپنی جیب سے مدد کریں۔کالا باغ ڈیم کے معاملے پر انہوں نے وضاحت کی کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا بیان پارٹی پالیسی نہیں بلکہ ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "سندھ اور کے پی میں بھی کچھ لوگوں کے تحفظات ہیں، جب تک سیاسی ہم آہنگی اور اطمینان نہ ہو، کوئی منصوبہ شروع نہیں ہونا چاہیے، ورنہ دو صوبوں کے درمیان تنازع وفاق کے لیے نقصان دہ ہوگا۔"
اسی طرح، صدارتی نظام کے بارے میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ بھی پی ٹی آئی کی پالیسی نہیں ہے۔ ان کے مطابق، موجودہ پارلیمنٹ "فارم 47 کی پارلیمنٹ" ہے اور اس کے پاس یہ استحقاق نہیں کہ آئینی ترمیم کے ذریعے صدارتی نظام نافذ کرے۔اپنے خلاف مقدمات پر بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ان پر بنائے گئے تمام کیسز جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ "ہر بار تاریخ پڑ جاتی ہے، انہی جھوٹے مقدمات میں سزا بھی دی جائے گی۔ عدالتوں سے امید تو نہیں لیکن کبھی کبھار ریلیف دینا عدالت کی مجبوری بن جاتی ہے۔ جہاں کوئی شہادت یا گواہی نہ ہو پھر بھی سزائیں دی جائیں تو کیا امید رکھی جا سکتی ہے۔"