محکمہ موسمیات نے پنجاب کے مختلف اضلاع کے لیے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 4 سے 5 نومبر کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ہے، جس کے سبب درجہ حرارت میں واضح کمی دیکھنے میں آئے گی۔پیشگوئی کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، تلہ گنگ، جہلم، سرگودھا، خوشاب، گجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ خاص طور پر مری اور گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں برف باری بھی متوقع ہے۔اس موسم کی تبدیلی سے اسموگ میں کمی کا امکان ہے، جس سے شہریوں کو سانس کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ماسک استعمال کرنے اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم 24/7 صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے بچیں، دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں، اور ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔ کسانوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی سرگرمیاں موسم کی صورتحال کے مطابق ترتیب دیں۔