ملک کے کئی علاقوں میں بارش کی توقع، محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی

ملک کے کئی علاقوں میں بارش کی توقع، محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے آج ملک کے مختلف حصوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں جزوی ابر آلود اور خشک موسم رہے گا۔

اسلام آباد اور پنجاب:
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں جزوی طور پر ابر آلود موسم رہے گا۔راولپنڈی، لاہور، ملتان، فیصل آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش، آندھی اور گرج چمک متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا:
کے پی کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔وزیرستان، بنوں، ٹانک، ڈی آئی خان، پشاور، سوات اور دیگر علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

سندھ:
صوبہ سندھ کے کئی اضلاع میں موسم گرم اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔کراچی، ٹھٹھہ، دادو، میرپور خاص، سکھر سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان:
بلوچستان کے اکثر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔تاہم، ژوب، لورالائی، خضدار، آواران سمیت کچھ اضلاع میں شام یا رات کے وقت گرد آلود ہوائیں، آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان:
کشمیر میں مطلع ابر آلود رہے گا، جہاں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔گلگت بلتستان میں جزوی طور پر ابر آلود موسم متوقع ہے۔