باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنماؤں کے قتل میں ملوث دہشت گرد ضیاءالدین عرف ابراہیم ادریس کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی کوثر کے علاقے میں کی گئی، جس میں دہشت گرد ضیاءالدین متعدد ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگز میں ملوث تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد نے پی ٹی آئی کے رہنما ریحان زیب، اے این پی کے مولانا خان زیب، ڈپٹی کمشنر ناوگئی اور جے یو آئی کے ارکان کے قتل میں بھی حصہ لیا تھا۔ اس کے علاوہ، اس نے کئی پولیس اہلکاروں کو بھی شہید کیا۔ دہشت گرد ضیاء الدین طالبان کے کابل پر قبضے سے قبل افغان جیل میں قید تھا اور طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد اسے رہا کیا گیا تھا۔یہ دہشت گرد 2023 میں افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔ ضیاء الدین کی ہلاکت سے داعش خراسان کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا لگا ہے۔