پاریش راول کا نیشنل ایوارڈز سے متعلق اہم انکشاف

پاریش راول کا نیشنل ایوارڈز سے متعلق اہم انکشاف

معروف بھارتی اداکار پاریش راول نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت کے نیشنل ایوارڈز، جو کہ ملک کے سب سے معتبر فلمی اعزازات مانے جاتے ہیں، بھی لابنگ اور اثرورسوخ سے پاک نہیں ہیں۔

 انہوں نے بتایا کہ جیسے آسکر ایوارڈز میں لابنگ اور اثرورسوخ کی بنیاد پر ایوارڈز خریدے یا دیے جاتے ہیں، ویسی ہی سرگرمیاں بھارت کے نیشنل ایوارڈز میں بھی دیکھی جاتی ہیں۔پاریش راول کا کہنا تھا کہ 1993 میں نیشنل ایوارڈ جیتنے کے بعد سے انہیں یہ بات سمجھ آئی ہے کہ اگرچہ نیشنل ایوارڈز میں لابنگ کا عنصر کم ہے، لیکن پھر بھی دیگر بڑے ایوارڈز کے مقابلے میں اسے زیادہ معتبر سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر کے بڑے ایوارڈز میں نیٹ ورکنگ اور ذاتی تعلقات اہم کردار ادا کرتے ہیں، یہاں تک کہ لابنگ کے لیے بڑی پارٹیاں بھی منعقد کی جاتی ہیں۔

اداکار نے مزید کہا کہ وہ ایوارڈز سے زیادہ ہدایت کاروں اور مصنفین کی طرف سے ملنے والی تعریف کو اہمیت دیتے ہیں۔ ان کے مطابق، ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز یہی ہے کہ ان کا کام تخلیقی ٹیم کو متاثر کرے اور ان کے کردار کو سراہا جائے۔ پاریش راول کا یہ انکشاف اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ فلم انڈسٹری میں اثرورسوخ اور تعلقات کا کردار اہم ہے، اور یہ کہ حقیقی معیار اور سچائی کی قدر ہمیشہ مکمل نہیں ہوتی۔