سینیٹ اجلاس میں آیت اللہ علی خامنہ ای کیلئے دعائے مغفرت

 ایران ایک مضبوط دیوار ہے اگر یہ گر گئی تو اسرائیل ہمارے بارڈرز تک پہنچ جائے گا:راجہ ناصرعباس
اسلام آباد(آن لائن)ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنائی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے خلاف اعلان جنگ قرار دیا ہے ۔سوموار کو سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت شروع ہوا،اجلاس میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں اپوزیشن لیڈر اور مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دعائے مغفرت کرائی اور اپنے خطاب میں امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کو ان کے دفتر میں شہید کیا گیا، جو ایک ناقابل معافی جرم ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں عدم استحکام کی ذمہ دار ایک طاقتور شخصیت ہے جو طاقت کے بل بوتے پر مظالم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ایک مضبوط دیوار ہے اگر یہ گر گئی تو اسرائیل ہمارے بارڈرز تک پہنچ جائے گا۔ یہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔