قومی اسمبلی: اخراجات کم کرنے کیلئے 200 سے زائد ملازمین فارغ

2 مرحلوں میں گریڈ 1 سے 19 کے غیر ضروری عہدے ختم‘ اخراجات میں ساڑھے56 کروڑسے زیادہ کی کمی
اسلام آباد(آن لائن) قومی اسمبلی نے اخراجات کم کرنے کے لیے 200 سے زائد غیر ضروری ملازمین کو فارغ کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پارلیمانی سال کے اختتام پر شائع ہونے والی اپنی سالانہ رپورٹ میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے کہا ہے کہ سالانہ ایک ارب روپے کی بچت کے لیے رائٹ سائزنگ کے 2 مراحل کے دوران 220 ملازمین کو برطرف کیا گیا ۔رپورٹس کے مطابق پہلے 2 مرحلوں میں گریڈ 1 سے 19 کے غیر ضروری عہدوں کو ختم کردیا گیا جس سے اسمبلی کے اخراجات میں 56 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زیادہ کی کمی ہوئی۔ پہلے مرحلے میں 90 غیر ضروری عہدوں کو ختم کیا گیا جس سے ہر سال 25 کروڑ 58 لاکھ 40 ہزار روپے کی بچت ہوگی جبکہ دوسرے مرحلے میں 130 عہدوں کو ختم کیا گیا، جس سے اخراجات میں 3 کروڑ 75 لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔