قرض یوکرین میں ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال کیا جائیگا،امریکا کیساتھ تعلقات بہتر کرنا چاہتے ہیں، صدر زیلنسکی
لندن(آئی این پی) یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر سے ملاقات کی جس دوران دونوں ممالک میں 2.8ارب ڈالر کا قرض معاہدہ طے پاگیا۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق یوکرینی صدر ر ولادی میر زیلنسکی گذشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ سے ہونے والی تلخی کے بعد برطانوی وزیراعظم سے ملاقات کے لیے لندن پہنچے جہاں وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے گلے لگا کر ان کا استقبال کیا۔ ٹین ڈائوننگ میں یوکرینی صدر کی برطانوی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی جہاں دونوں ممالک کے درمیان 2.8 ارب ڈالر کا قرض معاہدہ طے پاگیا۔،رقم یوکرین میں ہتھیاروں کی تیاری کیلئے استعمال کی جائے گی۔ اس حوالے سے یوکرینی صدر زیلنسکی نے ملاقات کے بعد کہا کہ قرض یوکرین میں ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال کیا جائے گا۔دریں اثناء سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں یوکرینی صدر نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ اب بھی تعلقات بہتر کرنا چاہتے ہیں۔یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ یوکرین کے امن کی خاطر اقدامات اٹھائوں گا، امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ کی حمایت یوکرین کے حق میں ہے، نایاب دھاتوں کا معاہدہ یوکرین کے امن کی خاطر کرنا ہی ہوگا۔