دنیا شدید گرمی اور تباہ کن موسم کے لیے تیار رہے: اقوام متحدہ نے وارننگ جاری کردی

دنیا شدید گرمی اور تباہ کن موسم کے لیے تیار رہے: اقوام متحدہ نے وارننگ جاری کردی

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے اور عالمی موسمیاتی تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ جون سے اگست 2026 کے دوران ال نینو کے پیدا ہونے کا امکان 80 فیصد تک پہنچ گیا ہے، جس سے دنیا بھر میں شدید گرمی، خشک سالی اور غیر معمولی بارشوں کے واقعات بڑھ سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بحرالکاہل کے وسطی اور مشرقی استوائی علاقوں میں سمندر کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جو ال نینو کی تشکیل کی واضح علامت ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ نومبر تک اس کے امکانات 90 فیصد یا اس سے زیادہ ہو سکتے ہیں، اور یہ درمیانی سے شدید نوعیت کا ال نینو ہو سکتا ہے۔ال نینو ایک قدرتی موسمیاتی نظام ہے جو ہر دو سے سات سال بعد ظاہر ہوتا ہے اور 9 سے 12 ماہ تک اثرانداز رہتا ہے۔ اس دوران دنیا بھر میں درجہ حرارت، بارشوں اور ہواؤں کے نظام میں نمایاں تبدیلیاں آتی ہیں۔عالمی موسمیاتی تنظیم کی سربراہ کے مطابق حکومتوں کو ابھی سے تیاری شروع کرنی چاہیے کیونکہ اس کے اثرات خشک سالی، سیلاب، ہیٹ ویوز اور پانی کی قلت کی صورت میں سامنے آ سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل António Guterres نے بھی اس صورتحال کو ایک سنگین موسمی انتباہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ال نینو بڑھتی ہوئی عالمی حدت کے ساتھ مزید شدید اثرات پیدا کر سکتا ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں مون سون معمول سے کم رہنے، مشرقی افریقہ میں بارشوں کی کمی اور وسطی امریکہ میں گرم اور خشک موسم کے امکانات ہیں، جس سے زراعت، پانی اور توانائی کے شعبے متاثر ہو سکتے ہیں۔