شیخ رشید وکیل بن گئے

راولپنڈی (یواین پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ  شیخ رشید احمد نے سیاست کے ساتھ ساتھ اب ایک بار پھر اپنی وکالت کی پرانی پیشہ ورانہ زندگی کی طرف لوٹنے کا حیران کن فیصلہ کیا ہے، وہ پوری نصف صدی یعنی 50 سال کے طویل عرصے کے بعد دوبارہ کالا کوٹ پہن کر عدالتوں میں قانونی جنگ لڑتے نظر آئیں گے۔تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے 50 سال بعد دوبارہ وکالت کے میدان میں انٹری دینے کا باقاعدہ فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کی بار ممبر شپ تاحیات بحال کر دی ہے۔اس ضمن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران اپنے فیصلے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے بتایا کہ 50 سال کے طویل وقفے کے بعد اپنے وکالت کے لائسنس کی بحالی کے لیے بار کونسل کو باقاعدہ درخواست جمع کروائی، وکالت کے میدان میں صرف پروفیشنل کام کے لیے آ رہا ہوں اور بار کی سیاست یعنی بار الیکشنز میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، میں باقاعدہ اپنے چیمبر میں بیٹھوں گا اور ایسے غریب مستحق افراد جو مہنگے وکیلوں کی فیسیں ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے، ان کے کیسز عدالتوں میں بالکل مفت لڑوں گا۔