غزہ میں جو اسرائیل کر رہا ہے اب وہ عمل بھارت اپنا رہا ہے: شیری رحمان

غزہ میں جو اسرائیل کر رہا ہے اب وہ عمل بھارت اپنا رہا ہے: شیری رحمان

نیویارک: اقوام متحدہ میں موجود پاکستانی وفد نے بھارت کے جنگی رویے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ بھارت اب ایک جنگجو ریاست کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

پاکستانی وفد کی رکن اور سینیٹر شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:“بھارت کہہ رہا ہے کہ یہ ٹریلر تھا، اب فلم آئے گی۔ یہ وہی زبان ہے جو اسرائیل غزہ میں استعمال کر رہا ہے اور اب بھارت بھی اسی عمل کو اپنا رہا ہے۔ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔”شیری رحمان نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے عزائم رکھتا ہے، لیکن پاکستان بھارت کے ان جھوٹے دعوؤں کو عالمی سطح پر مسترد کرے گا۔

"بھارتی وفد صرف شور مچاتا ہے" – حنا ربانی کھر
وفد کی ایک اور اہم رکن حنا ربانی کھر نے کہا کہ:“ہماری شرکت کا مقصد کسی شور شرابے یا تماشے کا حصہ بننا نہیں ہے جیسا کہ بھارتی وفد کر رہا ہے۔ وہ خود سے میٹنگز کر رہے ہیں، اور ایک سیاسی اسٹیج لگا رکھا ہے۔”انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ایک دہائی سے عالمی برادری کو بھارت کے خطرناک عزائم سے آگاہ کرتا آیا ہے۔ ان کے مطابق:“بھارت نے 2016ء سے جو اقدامات کیے ہیں وہ نہ صرف علاقائی امن بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں۔”
عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف
پاکستانی وفد نے اس موقع پر عالمی رہنماؤں اور اداروں پر زور دیا کہ بھارت کے بڑھتے ہوئے جارحانہ عزائم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا فوری نوٹس لیا جائے تاکہ جنوبی ایشیا کو کسی ممکنہ تباہ کن جنگ سے بچایا جا سکے۔