مجھے اپنی مٹی اور کمزور لوگوں کیلئے کام کرنا ہے:سردار سلیم حیدر
نوبیاہتاجوڑوں کو نقدسلامی دی ، گورنر ہائوس ہر غریب کا ہے:خطاب
لاہور (خصوصی رپورٹ)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی سرپرستی میں اٹک میں 35 اجتماعی شادیوں کی شاندار تقریب کا اہتمام کیاگیا۔تقریب میں گورنر پنجاب نے نوبیاہتاجوڑوں کو نقدسلامی دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آج میں فخر محسوس کر رہا ہوں کہ35 بچیوں کے سروں پر ہاتھ رکھ کر انہیں رخصت کر رہا ہوں۔اْنہوں نے کہا کہ یہ بچیاں مجھے اپنی دو بیٹیوں کی طرح عزیز ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بڑی عید سے پہلے ان شاء اللہ اس سے بھی بڑی تقریب کا انعقاد کریں گے۔اْنہوں نے کہا کہ سفید پوش والدین بچیوں کی شادی کی درخواست گورنر ہائوس میں دے سکتے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کی تقریبات کا انعقاد پورے پنجاب میں کریں گے۔اْنہوں نے کہا کہ میرے ہوتے ہوئے کوئی بیٹی جہیز اور کھانے کے وسائل نہ ہونے کے سبب گھر نہیں بیٹھے گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ کی خدمت کرنا میرے لئے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ میں بھی آپ کی طرح متوسط طبقے سے ہوں، آپ کے دکھ درد اچھی طرح سمجھتا ہوں، پنجاب کے دوسرے کونے اٹک سے سب سے بڑے آئینی عہدے پر بیٹھنا میرے لئے باعث فخر ہے، مجھے اپنی مٹی اور کمزور لوگوں کیلئے کام کرنا ہے۔گورنر ہائوس پنجاب کے ہر غریب آدمی کا ہے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ ہم نے اس خوشی کے موقع پر بلوچستان میں ہونے والی بھارتی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید اور زخمیوں کو نہیں بھولنا، ملک میں امن کے بغیر ایسی تقریبات ممکن نہیں۔