صوبے میں 400 سے زائد انستھزیا ڈاکٹرز کی اسامیاں خالی ہیں
لاہور (کرائم رپورٹر )پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں انستھزیا ڈاکٹرز کی شدید قلت نے نظامِ صحت کو نئے بحران سے دوچار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق صوبے میں 400 سے زائد انستھزیا ڈاکٹرز کی اسامیاں خالی ہیں جسکا براہِ راست اثر مریضوں کے علاج پر پڑ رہا ہے۔ جناح ہسپتال لاہور میں 31، میو ہسپتال میں 40 ، سروسز ہسپتال میں 30 سے زائد ،جنرل ہسپتال اور گنگارام ہسپتال میں 20،20 انستھزیا ڈاکٹرز کی سیٹیں خالی پڑی ہیں۔ انستھزیا ماہرین کی کمی پرٹیکنیشنز سے حساس ذمہ داریاں لی جا رہی ہیں ،انستھزیا ڈاکٹرز دستیاب نہ ہونے پر آپریشنز ملتوی کیے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ حکومت انستھزیا ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ پروفیسرز کی4خالی اسامیوں پر پی پی ایس سی کے ذریعے تعیناتی کا عمل جاری ہے، عارضی طور پر کمی پوری کرنے کیلئے انستھزیا پروگرامز بھی شروع کرادیئے گئے ہیں۔