آئی ایم سی ٹی سی کے سیکرٹری جنرل کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

آئی ایم سی ٹی سی کے سیکرٹری جنرل کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اسلامی فوجی اتحاد برائے انسدادِ دہشت گردی (آئی ایم سی ٹی سی) کے سیکرٹری جنرل میجر جنرل محمد بن سعید المغیدی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

 ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آئی ایم سی ٹی سی کا 17 رکنی وفد 2 سے 6 فروری تک پاکستان کے دورے پر ہے، جو نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں انتہا پسند عناصر کے دوبارہ انضمام اور بحالی (ری ہیبیلیٹیشن اور ری انٹیگریشن) کے موضوع پر ایک ہفتہ طویل تربیتی پروگرام میں شرکت کر رہا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے، انٹیلی جنس شیئرنگ کو مؤثر بنانے اور رکن ممالک کے درمیان صلاحیتوں کی تعمیر کے ذریعے قریبی تعاون پر زور دیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ موجودہ اور ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط اور ادارہ جاتی تعاون ناگزیر ہے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلامی دنیا میں امن و استحکام کے فروغ اور انسدادِ دہشت گردی کے لیے مربوط اقدامات کو فروغ دینے میں آئی ایم سی ٹی سی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وسیع تجربہ رکھتا ہے اور اس ضمن میں اسلامی ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔اس موقع پر میجر جنرل محمد بن سعید المغیدی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی نمایاں خدمات اور عظیم قربانیوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے پاکستان کی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور انسدادِ دہشت گردی میں کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ملاقات میں خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم پر بھی زور دیا گیا۔

واضح رہے کہ اسلامی فوجی اتحاد برائے انسدادِ دہشت گردی (آئی ایم سی ٹی سی) 43 ممالک پر مشتمل ایک فوجی اتحاد ہے، جو دسمبر 2015 میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم کیا گیا تھا۔ اس اتحاد کا مقصد مسلم ممالک کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو یکجا کرنا ہے۔ اتحاد میں پاکستان، سعودی عرب، ترکی، افغانستان، مصر، اردن، قطر، فلسطین، متحدہ عرب امارات، بنگلہ دیش سمیت دیگر مسلم ممالک شامل ہیں۔