چندروز سے جاری آگاہی مہم ختم ہو گئی اب نئے قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی: ترجمان ٹریفک پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر)موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کے بعد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر نئے جرمانے اور سزائیں آج سے نافذ ہو جائیں گی ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق آج رات کے بعد چالان ٹکٹس نئے جرمانوں کے مطابق جاری کیے جائیں گے ترمیم شدہ قانون کے تحت موٹر سائیکل کے لیے کم سے کم جرمانہ 2 ہزار روپے جبکہ رکشے کا چالان کم از کم 3 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ کار اور جیپ سمیت دیگر نجی گاڑیوں کے لیے کم از کم جرمانہ 5 ہزار روپے ہو گا، جبکہ ٹریکٹر ٹرالی اور دیگر کمرشل گاڑیوں کا جرمانہ 10 ہزار سے 20 ہزار روپے تک رکھا گیا ہینئے قانون کے مطابق اوور لوڈنگ، رات کو بغیر لائٹس گاڑی چلانے، ون وے کی خلاف ورزی، کالے شیشے لگانے، بغیر ڈرائیونگ لائسنس یا کم عمر افراد کی ڈرائیونگ، اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑی چلانے پر جرمانوں کے ساتھ 6 ماہ تک قید کی سزا بھی دی جا سکے گی۔ترجمان ٹریفک کے مطابق گزشتہ چندروز سے جاری آگاہی مہم ختم ہو گئی ہے رات 12 بجے کے بعد نئے جرمانوں کا باقاعدہ نفاذ ہو گا اور خلاف ورزی پر نئے قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔