3 روزہ بارش اور برفباری کے بعد شدید سردی کی پیشگوئی:محکمہ موسمیات کی رپورٹ

 3 روزہ بارش اور برفباری کے بعد شدید سردی کی پیشگوئی:محکمہ موسمیات کی رپورٹ

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی کا امکان ہے، جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں اسموگ اور درمیانی دھند چھانے کا خدشہ ہے۔ اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت چند مقامات پر کہرا پڑنے کی بھی توقع ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران، ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی رہی۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعض میدانی اضلاع میں دھند چھائی رہی۔ سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لہہ، زیارت، قلات میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ، کوئٹہ اور گلگت میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے 5 دسمبر سے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ مختلف مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ظاہر کی ہے۔ مزید برآں، 6 دسمبر کو گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، اور 7 دسمبر کو بھی گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔