بھارت اور بنگلہ دیش میں کوئی فرق نہیں: محبوبہ مفتی

سابق وزیراعلی کے بیان پر تنازع،بی جے پی بھڑ ک اٹھی، بیان ملک دشمنی پر مبنی قرار دیا 
سرینگر(آئی این پی )  مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلی محبوبہ مفتی کے اقلیتی برداری کی صورتحال پر  بیان نے تنازع کھڑا کر دیا جس میں انہوں نے بھارت  کا  موازنہ بنگلہ دیش سے کیا ہے۔بھارتی اخبار کے مطابق  سابق وزیراعلی  نے 24 نومبر کو اترپردیش کے شہر سنبھل میں پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے  پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے ڈر ہے کہ ہمیں اسی طرف لے جایا جا رہا ہے جو حالات 1947 میں تھے۔ نوجوان جب نوکریوں کی بات کرتے ہیں تو نہیں ملتیں، ہمارے پاس اچھے ہسپتال نہیں، تعلیم نہیں ہے۔ وہ سڑکوں کی حالت کو بہتر نہیں کر رہے لیکن ایک مندر کی تلاش میں مسجد کو گرانے کی کوشش کر رہے ہیں‘محبوبہ مفتی کے بیان کی بی جے پی کے کئی رہنمائوں نے مذمت کی ہے اور ان ریمارکس کو ملک دشمنی پر مبنی قرار دیا ہے۔ بی جے پی کے رہنمائوں نے جموں و کشمیر کی حکومت پر زور دیا کہ وہ ان کے خلاف کارروائی کرے۔