جسٹس امین الدین خان اورجسٹس جمال مندوخیل نے کیس سننے سے معذرت کرلی
آڈیو لیکس پر انکوائری کمیشن کیخلاف سماعت ملتوی‘ ای او بی آئی سے پنشن سے متعلق رپورٹ طلب
بجلی کمپنی کیساتھ معاہدوں کیخلاف درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس،سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی
اسلام آباد(آئی این پی )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی تعیناتی کیخلاف کیس کی سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا آئینی بنچ ٹوٹ گیا۔آئینی بنچ کے ممبرز جسٹس امین الدین خان اورجسٹس جمال مندوخیل نے کیس سننے سے معذرت کرلی۔جسٹس امین الدین خان اور جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ ہم دونوں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی تعیناتی کیلئے جوڈیشل کمیشن کے ممبر تھے۔جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ کمیشن کے رکن یہ کیس نہیں سن سکتے‘ آئینی بنچ نے آڈیو لیکس پر انکوائری کمیشن کے قیام کیخلاف کیس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی استدعا پر سماعت ملتو ی کردی۔ آئینی بینچ نے ای او بی آئی سے پنشن ادائیگی اور اضافے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی آئینی بینچ نے ای او بی آئی پینشنرز کیس کی سماعت کی۔ جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ کیا ای او بی آئی پنشن ادا کر رہی ہے؟۔وکیل ای او بی آئی نے دلائل میں کہا کہ یہ کیس میں پنشن کے اضافے کا کیس ہے، 18 ویں ترمیم کے بعد ایک عرصہ تک ای او بی آئی کے صوبوں کو منتقلی کا معاملہ چلتا ہے، کونسل آف کامن انٹرسٹ نے حتمی طور پر ادارہ وفاقی حکومت کے پاس رکھنے کا فیصلہ کیا۔درخواست گزار محمد اشرف نے کہا کہ مجھے کئی سالوں سے ساڑھے دس ہزار پنشن دی جا رہی ہے، ہماری پنشن میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ وکیل ای او بی آئی نے کہا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق پنشن میں اضافہ ہو رہا ہے۔جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ 2013 سے مقدمہ زیر التوا ہے، اس مقدمے کو کہیں تو ختم ہونا ہے۔ آ آئینی بنچ نے بجلی تقسیم کار کمپنی کیساتھ حکومتی معاہدوں کیخلاف درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔