کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران موسم زیادہ تر ابر آلود اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ رات اور صبح کے اوقات میں بوندا باندی یا پھوار پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہواؤں کا رخ سمندر کی جانب سے جنوب مغربی سمت میں رہے گا، جس کے باعث موسم میں نمی کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔موسمیاتی حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، تاہم ہوا میں نمی کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہو سکتی ہے۔دوسری جانب صوبہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی ابر آلود، گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج گھوٹکی اور سکھر میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان بھی موجود ہے۔ماہرینِ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور تازہ ترین پیشگوئی سے آگاہ رہنے کی ہدایت کی ہے۔