چیچہ وطنی(خصوصی رپورٹ)چیچہ وطنی کے تھانہ شاہکوٹ کی حدود میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے نوجوان لڑکی کو قتل کردیا، ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان کا فوری نوٹس، مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج، واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ شاہکوٹ کی حدود چک نمبر 95 بارہ ایل میں قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ریاست علی کی جواں سالہ بیٹی آمنہ بی بی رفع حاجت کیلئے فصلوں میں گئی تو اسی اثناء میں نامعلوم ملزموں نے فائرنگ کرکے موقع پر ہی موت کے گھاٹ اتاردیا اور فرار ہوگئے۔ ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے واقعہ کا فوری نوٹس لے لیا۔ ڈی پی او ساہیوال کی ہدایت پر ایس ڈی پی او چیچہ وطنی اور ایس ایچ او تھانہ شاہکوٹ کی زیر نگرانی خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔ ٹیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ واقعہ کے تمام پہلو ئوں کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر تفتیش کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ پولیس نے وقوعہ کا مقدمہ لڑکی کے والد ریاست کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔ ڈی پی او ساہیوال نے مزید ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملوث نامعلوم ملزمان کو جدید سائنسی و تکنیکی ذرائع سے فوری ٹریس کر کے گرفتار کیا جائے۔