رائیڈرز کو چکمہ دے کر موبائل لوٹنے والا ملزم گرفتار

مغلپورہ پولیس نے ملزم اویس سے 5 چوری شدہ موبائل فونز برآمد کرلیے
لاہور(کرائم رپورٹر) مغلپورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ان ڈرائیو رائیڈرز کو چکمہ دے کر موبائل فونز لوٹنے والے شاطر ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم اویس کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے عالیہ ٹائون سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔ ملزم مختلف علاقوں سے نجی شاپنگ مال مغلپورہ کی رائیڈ بک کرواتا اور مال پہنچنے پر رائیڈر سے ’’ایک ضروری کال‘‘ کرنے کے بہانے موبائل فون مانگتا تھا۔ ملزم رائیڈر کو پانی لانے کا کہہ کر شاپنگ مال کے اندر داخل ہوجاتا اور کال کرتے ہوئے مال کے دوسرے ایگزٹ گیٹ سے موبائل فون لے کر فرار ہوجاتا تھا۔ ملزم نے ایک ماہ کے دوران اسی نوعیت کی چار وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے پانچ چوری شدہ موبائل فونز برآمد کرلیے گئے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کا کہنا ہے کہ عوام کو لوٹنے والے شاطر عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔