سندھ کابینہ نے 2 لاکھ 23 ہزار ٹن گندم خریدنے کی منظوری دیدی

کراچی(آئی این پی ) سندھ کابینہ نے  پاسکو سے 2 لاکھ 23 ہزار ٹن سے زائد گندم خریدنے کی منظوری دیدی جبکہ    فنانس کمیشن اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے متعلق  مالیاتی ماہر کی خدمات حاصل کرنے اور پی پی پی یونٹ کی تنظیم نو کی منظوری بھی د یدی گئی ہے،سندھ میں الیکٹرک گاڑیوں پر ٹیکس اور رجسٹریشن مراعات میں 2 سال کی توسیع کردی گئی   جو 29 مئی 2028 تک جاری رہیں گی۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا  اجلاس  منعقد ہوا ۔اجلاس میں  کابینہ نے پاسکو سے 2 لاکھ 23 ہزار 455 میٹرک ٹن گندم خریدنے اور صوبے میں گندم کے ذخائر مضبوط بنانے کیلئے  جامع منصوبے کی منظوری دے دی۔سندھ حکومت ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی)  کے ذریعے 3 لاکھ میٹرک ٹن درآمدی گندم خریدے گی۔صوبائی کابینہ نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 میں مجوزہ ترامیم کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں بلدیاتی کونسلوں کو مضبوط بنانے، جمہوری تسلسل یقینی بنانے، خدمات بہتر کرنے اور اداروں کی کارکردگی و احتساب موثر بنانے پر غور کیا گیا۔مجوزہ ترامیم کے تحت میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے اختیارات و ذمہ داریاں وضع کی جائیں گی جبکہ بلدیاتی کونسلوں اور صوبائی محکموں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنائی جائے گی۔ بلدیاتی انتخابات کا عمل کونسل کی مدت ختم ہونے سے 120 روز قبل شروع کرنا لازمی ہوگا۔۔وزیراعلی سندھ نے بلدیاتی نظام کو  موثر، جوابدہ اور فعال بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی کونسلوں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ادارہ جاتی اقدامات ضروری ہیں