ویب ڈیسک: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا سلسلہ جاری ہے اور مارکیٹ نے ایک بار پھر نئی بلندی کو چھو لیا۔
مسلسل مثبت رجحان کے باعث کاروباری ہفتے کے دوسرے روز 100 انڈیکس 400 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 50 ہزار 371 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔گزشتہ روز کاروباری دن کے اختتام پر انڈیکس ایک لاکھ 49 ہزار 971 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ منگل کو مارکیٹ میں 34 ارب 19 کروڑ 9 لاکھ 61 ہزار 502 روپے مالیت کے 51 کروڑ 18 لاکھ 21 ہزار 531 شیئرز کا لین دین ہوا، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔
دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 10 پیسے سستا ہوا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 281 روپے 65 پیسے ریکارڈ کی گئی۔معاشی ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں تسلسل کے ساتھ آنے والی تیزی اور ڈالر کی قدر میں کمی، ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارے ہیں، تاہم عالمی مالیاتی صورتحال اور درآمدی اخراجات آئندہ دنوں میں اس رجحان کو متاثر کر سکتے ہیں۔