کراچی میں محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب میں بننے والے ممکنہ سمندری طوفان کے پیش نظر نیا الرٹ جاری کردیا ہے۔
شمال مشرقی بحیرہ عرب اور سوراشٹرا کے قریب موجود ہوا کا کم دباؤ مزید شدت اختیار کرچکا ہے اور گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران یہ نظام سست رفتاری سے جنوب مغرب کی سمت بڑھا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سمندری سرگرمی اس وقت کراچی سے تقریباً 440 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے اور امکان ہے کہ آئندہ دو روز میں یہ نظام مزید بڑھتے ہوئے شمال مغربی بحیرہ عرب کی جانب چلا جائے گا۔اس سسٹم کے زیر اثر آج کراچی، تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے۔
سندھ کے ساحلی علاقوں میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جو 65 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بھی بڑھ سکتی ہیں۔ اس دوران سمندری حالات بھی خراب رہیں گے، جس کے باعث ماہی گیروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 3 اکتوبر تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وسطی اور مغربی بحیرہ عرب میں بھی تیز ہواؤں اور بلند لہروں کے باعث سمندر میں تیزی اور تندی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی اس سسٹم پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔