اسپین کے مشہور سیاحتی جزیرے ابیزا میں موسلا دھار بارش اور سیلاب نے تباہی مچا دی۔ حکومت نے شدید صورتحال پر قابو پانے کے لیے فوج طلب کر لی ہے۔
ابیزا ایئرپورٹ پر نکاسی آب کا نظام ناکام ہوگیا، جس کے باعث سیکیورٹی چیک ایریا کی چھت ٹپکنے لگی اور بارش کا پانی ایئرپورٹ کے اندرونی حصے میں بھر گیا۔جزیرے کی متعدد سڑکیں کئی فٹ تک سیلاب میں ڈوب گئی ہیں، جن میں ایئرپورٹ جانے والی مرکزی سڑک بھی شامل ہے۔ ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہے اور گاڑیاں پانی میں بہتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔موسلا دھار بارش گیبریئل طوفان کے باعث ہوئی، جس نے پورے شہر کو زیرِ آب کر دیا۔ ہوٹلوں اور عمارتوں میں پانی داخل ہوگیا جبکہ گلیاں ندیوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔
فضائی ویڈیوز میں ساحلی علاقوں اور گاڑیوں کو پانی میں ڈوبا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔حکومت نے ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا اور فوج و پولیس کی اضافی نفری کو متاثرہ علاقوں میں بھیجا۔ فوج نے اب تک 148 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ کچھ ریسکیو کارروائیاں نہایت مشکل ثابت ہوئیں، جن میں ایک واقعے کے دوران دو مرد، ایک خاتون، ایک بچی اور دو کتوں کو پیڈل بورڈ کے ذریعے بچایا گیا۔