حکمران ساتھ چلنا چاہتے ہیں تو رفتہ رفتہ چلیں، پاکستان کو استعمال نہ کیا جائے
اسلام آباد(آئی این پی )جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ امریکا کو ہوائی اڈے دینے سے خطے میں امن کی تباہی ہوگی،امریکا کے ساتھ دوستی ماضی میں بھی ہمیں مہنگی پڑی ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ امریکا اہم ہے لیکن ہمیں یاد ہے کہ کسی بھی مشکل میں امریکا نے ہماری وہ مدد نہیں کی جو چین نے کی، امریکا کے ساتھ دوستی ماضی میں بھی ہمیں مہنگی پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اگر امریکا کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں تو رفتہ رفتہ چلیں، میٹھی باتوں میں پھر سے پاکستان کو استعمال نہ کیا جائے، اگر امریکا اور بھارت کے در پردہ ہاتھ نہ ہو تو بہت جگہ حالات اچھے ہوتے، پاکستان کو چین کے ساتھ اپنے تعلقات مزید مضبوط کرنا ہوں گے