ایرانی سپریم لیڈرنے اسرائیل پر نئے حملے کی تیاری کا حکم دیدیا

 کارروائی کا حکم اسرائیلی حملوں میں نقصانات کی بریفنگ کے بعد دیا گیا، اسرائیلی انٹیلی جنس حکام کے مطابق ایران اسرائیل پر ایک اور حملے کی تیاری کررہا ہے،امریکی اخبار
تہران(آئی این پی)امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل پر حملے کی تیاری کا حکم دے دیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی کا حکم اسرائیلی حملوں میں نقصانات کی بریفنگ کے بعد دیا گیا۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی انٹیلی جنس حکام کے مطابق ایران اسرائیل پر ایک اور حملے کی تیاری کررہا ہے۔ایک اور رپورٹ کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس اطلاعات سامنے آئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ 5نومبر کو امریکی انتخابات سے پہلے ایران، عراقی ملیشیا کے ذریعے ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل پر حملے کی تیاری کررہا ہے۔ایک بیان میں آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر نے کہا ہے کہ اسرائیل کو ایران پر حملوں کا ایسا درد ناک جواب دیا جائے گا کہ اسے پچھتانا پڑے گا، اسے نہ تو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جانا چاہیے اور نہ ہی کم سمجھا جانا چاہئے۔