پاکستانی سیاست کا معاملہ وہاں کے عوام کو ملکی قوانین اور آئین کے مطابق طے کرنا ہے:ترجمان میتھیو ملر
واشنگٹن(آئی این پی )امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے پاکستانی سیاست میں امریکی عہدیداروں کی مداخلت سے متعلق الزامات غلط ہیں۔ عمران خان کی برطرفی میں امریکا نے کوئی کردار ادا نہیں کیا اور یہ بات میں اس پلیٹ فارم سے کئی بار دہرا چکا ہوں ۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کی معمول کی پریس بریفنگ کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ امریکا کے 60 ارکان پارلیمنٹ کے صدر جوبائیڈن کو عمران خان کی رہائی کے لیے لکھے گئے خط کو "یہودی لابی" کے زیر اثر کہا جا رہا ہے۔جس پر میتھیو ملر نے کہا کہ میں نے ایسی باتیں کچھ سوشل میڈیا پوسٹوں میں دیکھیں اور کچھ کہانیاں جن کا آپ حوالہ دے رہے تھے۔ ہم نہیں جانتے کہ اس معلومات کو گردش کرنے کے پیچھے کون ہے۔میتھیو ملر نے کہا کہ اگر لوگ امریکی حکومت کے اعلی عہدیداروں یا ارکانِ کانگریس پر گفتگو کرنا چاہتے ہیں تو ان سے جڑے مسائل پر ضرور بات کی جائے لیکن ان کے مذہب یا جنسی رجحان کے بارے میں بات کرنے سے گریز کرنا چاہیے‘ترجمان نے مزید کہا پاکستانی سیاست کا معاملہ وہاں کے عوام کو اپنے ملکی قوانین اور آئین کے مطابق طے کرنا ہے۔