4 مرلے کیلئے بڑا بھائی قتل

 فاطمہ جنا ح کالونی میں مبشر نے صابر پر فائرنگ کر دی اور فرار ہوگیا ،جلد گرفتار کر لیا جا ئیگا،پولیس
سرگودھا(خصوصی رپورٹ)سرگودھا میں چار مر لے کے پلاٹ کے تناز ع پر چھوٹے بھائی نے فائرنگ کر کے بڑے بھائی کو قتل کر دیا ،ملزم موقع سے فرار ہو گیا، پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال پہنچا دی،تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے علاقہ فاطمہ جنا ح کالونی میں دو سگے بھائیوں کے درمیان پلاٹ کا تنازع چل رہا تھا اور دونوں کے درمیان متعدد بار تلخ کلامی بھی ہو چکی تھی، صابر اپنا لوڈر رکشہ پر شہر میں مزدوری کر کے واپس گھر آ یا تو اس کی اپنے چھوٹے بھائی مبشر سے پلاٹ کے مسئلے پر دوبارہ تلخ کلامی ہو گئی ،ملزم مبشر نے اس دوران فائرنگ کر دی ، چار گولیاں صابر کو لگیں اور وہ موقع پر ہی جا ں بحق ہو گیا ،اطلاع ملتے ہی تھانہ جھال چکیاں پولیس موقع پر پہنچ گئی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال پہنچا دی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہے ہیں اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا ۔