اہل ٹیکس گزار بیوی، غیر شادی شدہ بیٹی، 25سال سے کم عمر لڑکے کو ٹیکس ریٹرن میں ظاہر کر سکتے ہیں،راشد محمود لنگڑیال کی سینیٹ قائمہ کمیٹی میں بریفنگ
ٹیکس فائلرز کی اہلیت کا جائزہ لینے کے لیے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی ذیلی کمیٹی قائم کردی گئی ،کمیٹی ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کی حد اور اہلیت کا جائزہ لے گی
اسلام آباد (آئی این پی )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے ٹیکس فائلرز کی اہلیت کے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے ذیلی کمیٹی قائم کر دی۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ذیلی کمیٹی ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کی حد اور اہلیت کا جائزہ لے گی اور 10روز میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ نئے قانون کے تحت ٹیکس ریٹرن فائلر کی اہلیت کی بنیاد پر ترامیم کی گئی ہیں۔چیئرمین ایف بی آر کے مطابق اہل ٹیکس گزار بیوی، غیر شادی شدہ بیٹی، 25سال سے کم عمر لڑکے کو ٹیکس ریٹرن میں ظاہر کر سکتے ہیں۔راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ نئے ٹیکس قانون کے تحت 5 سے 10 مرلے کے مکان خریدنے والوں پر پابندی نہیں لگائی جارہی ہے۔